مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن سے علیحدہ کیے گئے بچوں سے ملاقات کی اس دوراس نے جو جیکٹ پہن رکھا تھا اس کے بارے میں سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اچانک غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم والدین سے علیحدہ کیے گئے بچوں سے کیمپ میں جا کر ملاقات کی انہوں نے کچھ وقت بچوں کے ساتھ گزارا۔ ان کیمپوں میں تقریباً 2،300 بچے موجود ہیں۔ ان بچوں کا زیادہ تر تعلق وسطی اور جنوبی امریکی ممالک سے ہے جن کے والدین اپنے ممالک سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو سے امریکہ داخل ہونے والے تارکین وطن کے حوالے سے قوانین سخت کر دیئے تھے جس کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے شیر خوار بچوں تک سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔ تاہم میلانیا ٹرمپ نے سب سے پہلے اس غیر انسانی رویئے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کی اپنے والدین سے علیحدگی کو نہایت افسوسناک صورت حال قرار دیا تھا۔
معصوم بچوں کی اپنے والدین سے علیحدگی کی دلخراش وڈیوز اور تصاویر پر سوشل میڈیا میں یہ معاملہ زور پکڑ گیا جس پر امریکی صدر نے بچوں کی علیحدگی کے معاملے پر کانگریس کو قانون سازی کا کہا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز تارکین وطن کو ان کے بچوں کے ساتھ رکھنے سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کردیئے۔ اس صدارتی حکم کے نفاذ کے بعد تارکین وطن والدین کو ان کے بچوں کے ہمراہ رکھا جائے گا۔ ملانیا نے تارکین وطن بچوں س ملاقات کے دوران جو جیکٹ پہن رکھا تھا اس پر تحریر تھا کہ " مجھے کسی کی پروا نہیں،کیا آپ کو ہے؟ " یہ جملہ سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بنا ہوا ہے۔ میلانیا کے ترجمان نے مختلف قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جیکٹ پر درج الفاظ کے پیچھے کوئی خفیہ پیغام نہیں ہے۔ میڈیا کو جیکٹ کے بجائے دورے کے مندرجات پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیئے۔
آپ کا تبصرہ